مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) رنگ و نسل، زبان اور خطے کی قید سے آزاد اسلامی مساوات کی مثال بنے عازمین کے سفر حج کی انتہا کا دن آ گیا۔ لاکھوں فرزندان اسلام آج حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
خیموں کے منفرد شہر منیٰ میں قیام پذیر عازمین حج آج میدان عرفات جائیں گے جہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیں گے۔ ظہر اور عصر کی نمازیں عرفات میں اکٹھی ادا کی جائیں گی۔
سورج غروب ہوتے ہی (حجاج) مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
دس ذوالحجہ کو طلوع آفتاب کے بعد حاجی منیٰ لوٹیں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور جانور کی قربانی کے بعد سر منڈوا کر اپنے احرام کھول دیں گے۔ حجاج خانہ کعبہ جا کر طواف زیارت کریں گے اور شکرانے کے نفل ادا کر کے منیٰ واپس لوٹ جائیں گے۔