الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 381 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے اورچھے مزید مریض وفات پا گئے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے 240 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
سعودی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں کی کل تعداد 383880 ہو چکی ہے۔ ان میں سے 6591 افراد وفات پا چکے ہیں اور 373601 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دارالحکومت الریاض میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ 157 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔مشرقی صوبہ میں 74 اور مکہ مکرمہ میں 58 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اس وقت مملکت میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 3688 ہے۔ان میں سے 564 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سعودی عرب میں کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے مفت ویکسین لگانے کی مہم بھی زور شور سے جاری ہے۔وزارت صحت نے اسی ہفتے 20 لاکھ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کی اطلاع دی تھی۔
وزارت صحت نے ملک بھر میں کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کے لیے 500 سے زیادہ مراکز قائم کیے ہیں۔سعودی شہری اور تارکین وطن وزارت کی ’صحتی ایپ‘ پر ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں۔