اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت مسلم ممالک کوپاکستان کیخلاف کرنے میں ناکام ہوگیا، سعودی عرب نے پاکستان کیساتھ تعلقات سے ہاتھ کھینچنے پردفاعی تعاون کی بھارتی پیشکش مسترد کردی۔
معلوم ہوا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران اماراتی حکام سے کہاکہ ہے عرب ممالک بشمول سعودی عرب اگر دفاعی معاملات پر پاکستان کیساتھ سرد مہری لے آئیں تو بھارت یمن سمیت تمام دفاعی معاملات میں عرب ممالک کو مکمل تعاون کریگا لیکن اس حوالے سے سعودی عرب کے فرماں روا خادم الحرمین الشریفین نے واضح کیاہے کہ سعودی عرب کبھی بھی پاکستان کیخلاف مودی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیگا۔
سعودی عرب نے پاکستان کی حکومت اور دفاعی حکام کو بھارت کی سازش کے حوالے سے باضابطہ طورپرآگاہ کردیاہے اورانہیں یقین دلایا کہ سعودی عرب سمیت کوئی عرب ملک کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گا اورپاکستان کیساتھ اپنے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط کریگا ۔اس سلسلے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہرمحمود اشرفی نے کہاہے کہ عرب ممالک کے پاکستان کیساتھ تعلقات مفادات پرمبنی نہیں نظریات پر قائم ہیں۔
کوئی بھی ملک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں دراڑیں نہیں ڈال سکتا ۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی قائمقام سیکریٹری جنرل مولانا امجد خان نے کہا کہ بھارت ہر جگہ اور موقع پر پاکستان کو کمزور کرنیکی کوشش کر رہاہے ، دوسری طرف وہ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلیے بیٹھنے کو تیار نہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ،انہوں نے کہاکہ بھارت کا متحدہ عرب امارات میں پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کرنا پاکستانی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ۔