اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے 5 مہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 28.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تانومبر2020 تک کی مدت میںسعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 3.330 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 28.2 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.597 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا، نومبر 2020میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 615.1ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال نومبرمیں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 490.8ملین ڈالرمالیت کا زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔
سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں مجموعی طورپر26.9 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔