لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سی پیک میں سعودی عرب کو شراکت دار بنانے پر چین کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے حکومت کی جانب سے سی پیک میں سعودی عرب کو شمولیت کی دعوت پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ان سے ٹوئٹر پر سوال کیا تھا۔
احسن اقبال نے پوچھا تھا کہ سی پیک میں سعودی عرب کو شامل کرنے سے قبل کیا چین کو اعتماد میں لیا گیا؟
لیگی رہنما کے سوال پر فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جوابی بیان دیا ہےکہ سی پیک میں سعودی عرب کو شراکت دار بنانے پر چین کو اعتماد میں لیا گیا ہے، سی پیک میں توسیع پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ریجن میں پاکستان معاشی سرگرمی کا مرکز بنےگا، تاریک دور ختم ہوگیا۔
واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں کیں۔