سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں پہلی مرتبہ کووِڈ-19 کے تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد نئے تصدیق شدہ کیسوں سے بڑھ گئی ہے اور پہلے سے کووِڈ-19 میں مبتلا 4398 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ 4207 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے سوموار کے روز اطلاع دی ہے کہ اب مملکت میں کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد 213716 ہوگئی ہے اور ان میں 149634 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارت نے مزید بتایا ہے کہ اس مہلک مرض میں مبتلا مزید 52 افراد وفات پاگئے ہیں۔اب سعودی عرب میں کووِڈ-19 سے کل اموات کی تعداد 1968 ہوگئی ہے۔
سعودی عرب کے شہر القطیف میں آج سب سے زیادہ 437 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد خمیس مشیط دوسرے نمبر پررہا ہے اور وہاں 364 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔دارالحکومت الریاض میں 330، الدمام میں 293 اور الطائف میں 279 کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حالیہ دنوں میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور آج مکہ مکرمہ میں 147 اور مدینہ منورہ میں صرف 59 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 62114 ہے۔ ان میں 2254 کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔