مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کی طرف سے حجاج کرام کی واپسی کے لیے آپریشنل انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔ حجاج کرام فرئضہ حج کی ادائی کے بعد جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گے۔
خبر رساں ایجنسی’ایس پی اے’ کے مطابق سعودی عرب کے ہوائی اڈوں سے حجاج کرام کی واپسی کے فلائیٹ آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ حجاج کرام کی بہ حفاظت اور باعزت واپسی کے لیے حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔
جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی کی سہولت کے لیے 14 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔ اس ہوائی اڈے سے 15 محرم الحرام کو آخری حج فلائیٹ روانہ ہوگی جب کہ ایک ہفتے میں یہاں سے 3 لاکھ اور مجموعی طورپر 9 لاکھ 50 ہزار حجاج کرام واپس لوٹیں گے۔
سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کے مطابق شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر مجموعی طورپر حجاج اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے 114 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔ 208 پلیٹ فارم پاسپورٹس، 18 پیسنجرگیٹ اور 1180 میٹر طویل سامان کے لیے گیلری بنائی گئی ہے۔ اس ہوائی اڈے سے ایک ہی وقت میں 26 ہوائی جہاز ٹھہر سکتے ہیں۔
مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ہوائی اڈے پرحجاج کرام کے لیے تیل پلیٹ فارم مقررہیں۔ اس ہوائی اڈے سے حجاج کرام کی واپسی کی پہلی پرواز 15 ذی الح کو ہوگی اور تین ہزار مسافر پہلے روز واپس لوٹیں گے۔ اس کے بعد حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ 15 محرم تک جاری رہے گا۔