سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق حوثی ملیشیا نے مملکت کے تین صوبوں الشرقیہ، جازان اور نجران کی سمت 3 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ علاوہ ازیں ایران نواز ملیشیا نے 3 دھماکا خیز ڈرون طیارے بھی بھیجے۔
سعودی وزارت دفاع کے سرکاری ترجمان بریگیڈیر جنرل ترکی المالکی کے مطابق سعودی فضائی دفاعی نظام نے تینوں بیلسٹک میزائل اور تینوں ڈرون طیاروں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تاہم اس دوران میں ہفتے کی شب الشرقیہ صوبے کے شہر دمّام میں تباہ شدہ بیلسٹک میزائل کے ٹکڑے لگنے سے دو بچے زخمی ہو گئے جب کہ 14 گھروں کو معمولی نقصان پہنچا۔
المالکی نے واضح کیا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کے ذریعے سامنے آنے والی یہ غنڈہ گردی اور غیر ذمے دارانہ رویہ ،،، اخلاقی اقدار اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔
دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے سعودی عرب کے صوبے الشرقیہ کی سمت حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کی شدید مذمت کی ہے۔