کووِڈ-19: سعودی عرب، قطر اور اردن یورپی یونین کی محفوظ سفری فہرست میں شامل

Travelers

Travelers

یورپ (اصل میڈیا ڈیسک) یورپی یونین نے سعودی عرب ، قطر، اردن اور کینیڈا سمیت دس ممالک کو اپنی کووِڈ-19 سے محفوظ سفری فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ان ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفر کی اجازت ہوگی۔

یورپی یونین کے رکن 27 ممالک کے سفیروں نے بدھ کے روز اجلاس میں ان ممالک کو سفر کے لیے محفوظ فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے اور اس تبدیلی کا آیندہ دنوں میں اطلاق ہوگا۔

یورپی یونین کا سابق رکن ملک برطانیہ اس فہرست میں شامل نہیں۔برطانیہ میں حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اس کی وجہ سے کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

یورپی یونین کی سفر کے لیے محفوظ فہرست میں آرمینیا ، آذربائیجان ، بوسنیا اور ہرزی گووینا، برونائی ، کینیڈا ، اردن ، کوسوو،مالدووا ، مونٹی نیگرو، قطر اور سعودی عرب شامل ہیں۔

یورپی یونین نے سفری پابندیوں کی زد میں آنے والے 14 ممالک پر عاید پابندیوں کو بتدریج ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔ان 14 ممالک میں البانیا،آسٹریلیا،اسرائیل ،جاپان ،لبنان ،نیوزی لینڈ ،شمالی مقدونیہ ،روانڈا ،سربیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، تائیوان ، تھائی لینڈ اور امریکا شامل ہیں۔چین کے زیرانتظام علاقے ہانگ کانگ اور مکاؤ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

یورپی یونین میں شامل ممالک انفرادی طور پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے کووِڈ-19 کے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے یا کچھ دنوں کے لیے قرنطین میں رہنے کا تقاضا کرسکتے ہیں۔