سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے تمام علاقوں میں آیندہ تین ہفتے میں کرونا وائرس کی ویکسین پہنچ جائے گی۔
یہ بات سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے منگل کے روز العربیہ سے خصوصی انٹرویو میں کہی ہے۔انھوں نے آج جازان کے علاقے میں شعبہ صحت سے متعلق مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ’’ہم سعودی عرب کے تمام علاقوں کو کرونا وائرس کی ویکسین مہیا کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔اب تک ہمیں کرونا وائرس کی موصول شدہ ویکسینوں کی تعداد بہت تھوڑی ہے اورہمیں بہت ٹیکنیکل تیاریوں کی ضرورت ہے تاکہ مملکت کے تمام علاقوں تک ویکسین پہنچ سکے۔‘‘
قبل ازیں الریاض سے العربیہ کے نمایندے نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کو مئی 2021ء تک امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی تیارکردہ کووِڈ-19کی ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں موصول ہوجائیں گی۔
انھوں نے سعودی عرب کی وزارتِ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ فروری 2021ء کے آخر تک فائزر کی ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں مل جائیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ دوسری کمپنیوں کی تیارکردہ ویکسینوں کی بھی جانچ کی جارہی ہے اور انھیں بھی منظوری کی صورت میں خرید کیا جائے گا۔
سعودی عرب میں اتوار تک سات لاکھ سے زیادہ افراد نے کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کرایا تھا۔ ان میں مملکت کے شہری اور مکین دونوں شامل ہیں۔
قبل ازیں سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمدالعبدالعالی نے کہا تھا کہ ویکسین مختلف مراحل میں لگائی جائے گی اور معاشرے کے تمام ارکان یہ ویکسین مفت لگوا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ’’مملکت میں 2021ء کے آخر تک کرونا وائرس کی ویکسینیں وافرتعداد میں دستیاب ہوں گی اور یہ ملک کی 70 فی صد آبادی کے لیے کافی ہوں گی۔‘‘