سعودی عرب: ‘فرقہ واریت’ پھیلانے پر ٹی وی چینل بند

Saudi Arabia

Saudi Arabia

دبئی (جیوڈیسک) سعودی عرب میں یومِ عاشور کے موقع پر حملے میں آٹھ افراد کی ہلاکت کے بعد سعودی حکام نے فرقہ واریت پھیلانے کے الزام میں ایک ٹی وی چینل کو بند کردیا ہے۔ وسال ٹی وی پر الزام ہے کہ اس نے ایک فرقے کے خلاف نفرت پر مبنی پروگرامز نشر کیے جس کی وجہ سے ملک کے مشرقی اور جنوب مغربی حصے میں رہنے والی اقلیت کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

سعودی وزیرِ اطلاعات عبدالعزیز خوجہ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے ریاست میں وسال ٹی وی کے آفسز اور نشریات بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ وسال ٹی وی کے افسران سے جب ان کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو وہ دستیاب نہیں ہوسکے۔ لیکن ان کی ویب سائٹ پر ان کے مقاصد میں ایک فرقے کے خلاف نشریات چلانا شامل ہے۔

یاد رہے کہ پیر کے روز الاحصا کے علاقے میں یومِ عاشور کے حوالے سے منعقدہ پروگرام پر کچھ نقاب پوش افراد نے اندھادھند فائرنگ کر کے آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ منگل کے روز پولیس نے حملے میں ملوث ہونے کے شک میں چھ شہروں سے افراد 15 کو گرفتار کیا تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں سے قاصم کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں دو مشتبہ افراد اور دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کی سینیئر علما کونسل نے اس واقعے کو انتہائی گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کے لیے سخت ترین سزاؤں کا مطالبہ بھی کیا ہے۔