ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب نے اپنی اسٹاک مارکیٹ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے کھول دی ہے اور اب منظور شدہ غیرملکی سرمایہ کار مملکت میں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی اسٹاک ایکچینج کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار اب لسٹڈ حصص کی خریداری کرسکتے ہیں جب کہ غیرملکی بینک، بروکر ہاؤس، فنڈ مینجراورخلیج سے باہر کام کرنے والی انشورنس کمپنیوں کو اب سعودی عرب میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے کی اجازت ہوگی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کھلنے سے بھاری غیرملکی سرمایہ کاری سعودی عرب میں آئے گی۔
دوسری جانب آسٹریلوی وزیرتجارت اینڈریو راب نے اپنے مضمون میں سعودی عرب کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے اوران اقتصادی اصلاحات پرسعودی عرب کے معاشی پالیسی سازوں اورسرمایہ کاروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور آسٹریلیا اورسعودی عرب کے درمیان اقتصادی اورمالیاتی شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی اسٹاک مارکیٹ کا حجم 532 ارب ڈالرز ہے اور یہ عرب دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔