سعودی عرب میں انسداد دہشت گردی قوانین نافذ

Saudi Arabia

Saudi Arabia

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں انسداد دہشت گردی قوانین نافذ کر دیے گئے، انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ سال 16 دسمبر کو کابینہ کی منظوری کے بعد نئے انسداد دہشت گردی قوانین پر سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے دستخط کر دیے تھے۔

اتوار کو سرکاری گریٹ ام القرا میں اشاعت کے ساتھ ہی نئے قوانین کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت ریاست اور معاشرے میں انتشار پھیلانے والی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی اور سیکیورٹی فورسز کو گھروں پر چھاپوں، فون کالز اور انٹرنیٹ کی نگرانی کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ کرنے والوں کے خلاف بھی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے انسداد دہشت گردی قوانین پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے قانون کا مقصد اقتدار پر حکمران خاندان کی گرفت کو مضبوط کرنا ہے۔