سعودی عرب مسلم امہ کے اتحاد کا چیمپئن : سربراہ او آئی سی

chief OIC

chief OIC

جدہ (جیوڈیسک) شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی مسلم امہ کی مخلصانہ، فراخدلانہ اور غیر متزلزل حمایت قابل تحسین ہے، اکمل الدین احسان اوغلو اسلامی تعاون تنظیم (او ائی سی) کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے کہا ہے کہ سعودی عرب اسلامی دنیا کا سب سے بڑا حامی اور تعاون کرنے والا ملک ہے اور وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی بالغ نظر قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

انھوں نے سعودی عرب کے تراسویں قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شاہ عبداللہ کی قیادت میں مملکت میں مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی اور خوشحالی کو سراہا اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عوام کی خوشحالی کے لئے اختیار کردہ پالیسیوں کی بدولت سعودی مملکت کو علاقائی اور عالمی سطح پراہم مقام حاصل ہو چکا ہے۔

پروفیسر اکمل الدین نے خاص طور پر شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی مسلم امہ کی مخلصانہ، فراخدلانہ اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور کہا کہ سعودی مملکت عرب دنیا کے خیر خواہ کے طور پر اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکلات کا شکار اسلامی ریاستوں کی امداد کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ اس کا اندازہ سعودی عرب کی جانب سے صومالی عوام کے لئے شروع کئے گئے امدادی منصوبوں سے کیا جا سکتا ہے۔ ہم صومالیہ کے علاوہ سوڈان کے متاثرین سیلاب کے لئے خادم الحرمین الشریفین کے فراخدلانہ عطیات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔