ریاض (جیوڈیسک) سعودی دارالحکومت ریاض سمیت مختلف صوبوں میں موسلادھار بارش کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا جب کہ وزارت تعلیم نے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض سمیت دیگر صوبوں میں موسلادھار بارش کے بعد نظام زندگی شدید متاثر ہے جب کہ طلبا کی حفاظت کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔ دارالحکومت ریاض میں شدید بارش کے بعد متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سول ڈیفنس محکمے کا کہنا ہے کہ اب تک 4 ہزار سے زائد افراد نے مدد کے لئے فون کیا جب کہ بارش کے بعد امدادی ٹیمیں پانی نکالنے کے لئے مصروف ہیں۔ ریاض کے پرنس فیصل بن بندر اور سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل سلیمان العمر ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات کے مطابق کام کریں۔