مکہ المکرمہ (جیوڈیسک) سعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثے کے باعث 4 برطانوی معتمرین جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود برطانوی مسلمان باشندوں کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے معتمرین کی بس آئل ٹینکر سے جا ٹکرائی۔
حادثہ مغربی مکہ کے قریب الاخلاص ٹاؤن میں پیش آیا جہاں معتمرین سے بھری بس سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، ایندھن کی وجہ سے بس آگ کا گولہ بن گئی۔
برطانوی وزارت خارجہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے 4 برطانوی شہری ایک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
ٹریول کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی ایک بس کو مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے آئل ٹینکر نے ٹکر ماری ہے جس میں 4 برطانوی شہری جاں بحق اور دیگر 12 زخمی ہوئے ہیں اب ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔