جدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب میں امریکی قونصل خانے کے باہر خود کش دھماکے میں حملہ آور ہلاک اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کار سوار خود کش بمبار نے امریکی قونصل خانے کے باہر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی حکام نے پارکنگ ایریا میں مشکوک حرکات پر ایک کار کی تلاشی لینا چاہی تو اس میں سوار خود کش بمبار نے دھماکا خیز مواد تباہ کردیا جس کے نتیجے میں خودکش بمبار موقع پر ہی ہلاک جب کہ 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب امریکی قونصل خانے نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خود کش دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ 2004 میں بھی جدہ میں واقع امریکی قونصل خانے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔