سعودی عرب (جیوڈیسک) سعودی عرب نے غیر ملکی ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہ نہ ملنے پر کفیل تبدیل کرنے کی اجازت دے دی۔ سعودی حکومت کے جاری کردہ قوانین کے مطابق اگر کسی غیر ملکی باشندے کو تین ماہ تک تنخواہ نہ ملے تو وہ فوری طور پر اپنا اسپانسر شپ تبدیل کر سکتے ہیں۔
سعودی حکومت کی طرف سے غیر ملکی ملازمین کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک ویڈیو کال بھی متعارف کروائی گئی ہے جس کے ذریعے وہ با آسانی سعودی حکومت کو اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔
سعودی حکومت کے مطابق غیر ملکی ملازمین کو تنخواہ کی عدم ادائیگی یا کام کا معاوضہ ملنے میں تاخیر سعودی لیبر قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کے لیے غیر ملکی ملازمین اس بات کا حق رکھتے ہیں کہ وہ اپنا کفیل تبدیل کر سکیں۔
جبکہ اس سے پہلے بھی سعودی وزارت لیبر کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادایئگی اور تاخیر کی صورت میں کفیل کو تین ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔