ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں پہلی مرتبہ عالمی مقابلہ ” حسن اذان ” منعقد کیا جارہا ہے جس میں دنیا بھر سے مؤذنین حصہ لے سکیں گے۔ عرب ویب سائٹ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں ” بلال بن رباح ” کے نام سے شروع کئے جانے والے منفرد مقابلہ۔
’’حسن اذان‘‘ میں دنیا بھر سے مؤذنین شرکت کر سکیں گے، ابتدائی مرحلے میں 60 مؤذنوں کا انتخاب کیا جائے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 20 اور آخری میں 15 بہترین مؤذنین کو ” بلال بن رباح” ایوارڈ سے نوازا جائے گا جبکہ مقابلے میں پہلی، دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان علمائے کرام کی 3 رکنی کمیٹی کرے گی۔
مقابلے میں حصہ لینے والے خواہش مند حضرات www.belalbnrabah.com ویب سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق فارم پرُ کریں اور اپنی آواز میں اذان کی ریکارڈنگ کے ساتھ ارسال کردیں جبکہ مؤذن کی کم سے کم عمر 25 اور زیادہ سے زیادہ 45 سال رکھی گئی ہے۔
مقابلہ اذان اور اس کے ادبی و دانشوررانہ حقوق کے مالک ڈاکٹر علی الشمرانی کا کہنا تھا کہ مقابلے کے لیے”بلال بن رباح” کا نام اس لیے چنا تاکہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے پسندیدہ مؤذن حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ایک نسبت ہو جائے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت بھی تازہ ہو۔
ڈاکٹر علی الشمرانی کا کہنا تھا کہ مقابلہ ’’حسن اذان‘‘ کا مقصد عالم اسلام میں اذان کی ثقافت کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے شرعی قواعد وضوابط سے عوام الناس کو آگاہ کرنا اور اس کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
مقابلہ اذان سے عالم اسلام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا بھی موقع ملے گا اور پوری دنیا میں اسلامی ثقافت اور تہذیب وتمدن سے آگاہی بھی مہیا ہو سکے گی۔