سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی کابینہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں لیبیا میں متحارب فریقین کے درمیان جنگ بندی اور سیاسی بات چیت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
العربیہ ڈاٹنیٹ کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں لیبیا کی داخلی صورت حال پر غور کے ساتھ ساتھ برادر ملک میں جاری لڑائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب لیبیا میں غیرملکی مداخلت کی تمام شکلوں کو مسترد کرتے ہوئے لیبیا کی نمائندگی کرنے والے فریقین کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا میں غیرملکی مداخلت سے پورے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
بیان میں لیبیا کی قومی وفاق حکومت کی صدارتی کونسل اور پارلیمنٹ کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا۔ اجلاس میں عرب خطے اور عالمی سلامتی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں یمن کے حوثی باغیوں کی طر ف سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل اور بمبار ڈرون طیاروں کے ذریعے بزدلانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اجلاس میں مملکت میں کرونا کی وبا اور اس پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔