ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب نے افغانستان اور افریقی ملکوں صومالیہ اور کیمرون میں حالیہ ایام میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جنگ کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو ریاض میں قصر یمامہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں مسلمان ممالک اور دوسری ملکوں میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔
اجلاس میں صومالیہ، کیمرون اور افغانستان میں دہشت گردی کے تازہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔
اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی پربھی بحث کی گئی۔اور واضح کیا گیا کہ سعودی عرب تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ہرممکن کوشش جاری رکھے گا۔