سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیرِ صدارت اجلاس میں فلسطینی نصب العین کے لیے مملکت کے مؤقف کا اعادہ کیا ہے اور فلسطینی عوام کے لیے حمایت کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی اطلاع کے مطابق شاہ سلمان نے وزارتی کونسل کو فلسطینی صدر محمود عباس سے حال ہی میں ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا اور کہا کہ انھوں نے ان سے بات چیت میں سعودی عرب کی جانب سے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔
وزیر برائے میڈیا ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے ایس پی اے کو بتایا ہے کہ کابینہ نے سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت میں اب تک کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔ان میں 2002ء میں پیش کردہ عرب امن اقدام بھی شامل ہے۔
کابینہ نے امریکا کی جانب سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن منصوبہ کی تیاری کے لیے کوششوں کو بھی سراہا ہے۔