ریاض (جیوڈیسک) سعودی پولیس دارالحکومت ریاض میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے خود کش بیلٹ برآمد کرلی۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض کے 2 مختلف اضلاع میں پولیس نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپا مارا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جب کہ ان کے قبضے سے بم لگی بیلٹ بھی برآمد کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق پولیس نے جب دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپا مارا تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی اور پولیس پر دستی بم بھی پھینکا تاہم اس دوران پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے احمد الزاہرانی اور محمد الزاہرانی کو گرفتار کر لیا جب کہ ان کے دیگر 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کےمطابق دوسرا واقعہ ریاض کے ضلع دھرما میں پیش آیا جہاں 2 مسلح افراد پولیس کے چھاپے کے دوران شدید فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک بم بیلٹ، ایک لیبارٹری، آٹومیٹک رائفلز، پستول، دیگر اسلحہ اور کئی علاقوں کے نقشے برآمد کرلیے۔