اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اسلام آباد پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز استقبال کے لیے موجود ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورے کے بعد سعودی وزیر دفاع، نائب وزیراعظم اور نائب ولی عہد پاکستان کے اہم دورے پر تشریف لائیں ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلطان اعلیٰ سول و فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
اعلیٰ سول و فوجی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران مشرق وسطٰی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت حال اور اس کے خطے پر اثرات پر بھی بات چیت ہوگی۔
سعودی وزیر دفاع پاکستانی قیادت کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام بھی پہنچائیں گے۔ سعودی وزیر دفاع پاکستانی قیادت کے ساتھ 34 ملکی اتحاد میں شمولیت اور کردار پر بھی بات چیت کریں گے۔