اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیرآج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، دورہ کے دوران سعودی وزیر خارجہ، وزیر اعظم نواز شریف ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور دیگر حکام سے ملاقات کریں گے۔
سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے 2 روزہ سرکاری دورے پر3 جنوری کو پاکستان آنا تھا لیکن یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا، 7 جنوری کو دورہ پاکستان کے دوران سعودی وزیر خارجہ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔
دونوں رہنما دفتر خارجہ میں مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کریں گے، مشیر خارجہ کی طرف سے سعودی وزیر خارجہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دورے کا مقصد سعودی قیادت میں 34 اسلامی ممالک کے اتحاد میں پاکستان کی شمولیت اور کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا ہے۔
پاکستان پہلے ہی اس اتحاد کو خوش آئند قرار دے چکا ہے، جبکہ دفتر خارجہ کہہ چکا ہے کہ پاکستان نے اس اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور پاکستان کے کردار کی حدود و قیود طے کرنا باقی ہے۔