ریاض (جیوڈیسک) سعودی حکومت نے ہالینڈ کے رکن اسمبلی کی جانب سے کلمے کی توہین کے مرتکب ہونے پر ملک میں جاری ہالینڈ کی تعمیراتی کمپنیوں اور سرمایہ داروں کی آمد پر پابندی لگا دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کی پارلیمنٹ کے رکن اور انتہا پسند مسیحی سیاستدان گیرت وائلڈر نے سعودی پرچم پر کلمہ طیبہ لکھے ہونے پر اعتراض کے ساتھ اس کی توہین بھی کی جس پر سعودی حکام کی طرف سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا، ہالینڈ کے رکن اسمبلی کی جانب سے کلمے کی توہین کرنے پر سعودی حکام کی اعلی قیادت نے فیصلہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مقاصد کے لیے دوروں کو روک دیا جائے جبکہ فیصلے سے متعلق ایوان ہائے صنعت و تجارت کی کونسل کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے سعودی کمپنیوں اور تاجروں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ آئندہ ہالینڈ کی کسی کمپنی کو ترقیاتی منصوبوں میں شریک نہ کریں جب کہ متعلقہ حکام کو ہالینڈ کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لئے ویزوں کی تعداد اور ویزوں کی مدت بھی کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب ہالینڈ کے وزارت خارجہ کے ترجمان فریسو ویجان کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کی جانب سے غیر مناسب حرکت کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی کو دورکرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔