سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدوں سے روک دیا

Hajj

Hajj

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر پاکستان کو حج معاہدوں سے روک دیا، سعودی وزیر حج کا کہنا ہے کہ اگر ممکن ہو سکا تو حج ضرور ہوگا۔

سعودی وزیر حج کی جانب سے وزارت مذہبی امور پاکستان کو مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر فی الحال حج معاہدہ نہ کریں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے،صورتحال بہتر ہوتے ہی آگاہ کریں گے۔

ترجمان مذہبی امورعمران بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی اطلاع پر حکومت نے معاہدوں پر کام روک دیاہے، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے سعودی وزیر حج سے رابطہ بھی کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق سعودی وزیر حج نے یقین دلایا ہے کہ اگر ممکن ہو سکا تو حج ضرور ہو گا، سعودی حکام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مشاورت جاری ہے۔

اس سے قبل دور روز پہلے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حج انتظامات روکنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی تھی۔

اپنے بیان میں وزیر مذہبی امورکا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر حکومت کی جانب سے حج انتظامات روکنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

پیرنورالحق قادری نے بتایا کہ سعودی حکام ایسے اعلان سے پہلے بڑے مسلم ممالک سے مشاورت کریں گے، سعودی وزارت حج نے ٹرانسپورٹ، ہوٹل، بلڈنگ کا حتمی معاہدہ فی الحال مؤخر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال حج نہ ہونے کی بات قبل از وقت ہے، امید ہے حج کے ایام تک صورت حال بہتر ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 900 ہوگئی ہے جب کہ 2 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

سعودی حکومت نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کررکھا ہے جب کہ ملک بھر میں خصوصاً دارالحکومت ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مقررہ اوقات میں کرفیو کا نفاذ کیا گیا ہے۔

دنیا بھر مین اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی کل تعداد 22 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔