ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز الشیخ نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامی عراق و شام داعش اور القاعدہ کواسلام کاپہلا دشمن قراردے دیا ہے۔ مفتی اعظم عبدالعزیزآل الشیخ کا کہنا ہے کہ شدت پسند افکار و خیالات اور دہشت گردی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، دہشت گردی کاپہلا شکار مسلمان ہی بنتے ہیں۔
اس کی مثالیں داعش اورالقاعدہ کے ہاتھوں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دیکھ سکتے ہیں۔ مفتی اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکمراں قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف حکومت کی پشت پرکھڑے ہوں اور ہر مشکل مرحلے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے دہشت گردوں کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسلام کی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ سعودی شیخ الاسلام کا کہنا ہے کہ داعش اور القاعدہ جیسے گروپوں کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں اور نہ ہی یہ لوگ ہدایت پر ہیں۔