الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کا کاروبار مملکت اس وقت درحقیقت شاہ سلمان کے بیٹے 34 سالہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، جو ایم بی ایس کے نام سے زیادہ معروف ہیں، کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے ملک میں کئی طرح کے اصلاحی اقدامات شروع کررکھے ہیں۔
محمد بن سلمان بالخصوص نوجوان سعودیوں میں خاصے مقبول ہیں۔ قدامت پسند ملک میں بہت ساری سماجی پابندیوں کو ختم کرنے، خواتین کو زیادہ سے زیادہ حقوق دینے اور ملک کی معیشت کا تیل پر سے انحصار کم کرکے اسے دیگر شعبوں میں وسعت دینے کی ان کی کوششوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
شاہ سلمان کے حامی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جرات مندانہ اقدامات کو عشروں سے سماجی اور روایتی پابندیوں میں جکڑے ہوئے ملک کے لیے ایک خوشگوار تبدیلی قرار دیتے ہیں۔ تاہم میڈیا پر حکومت کے کنٹرول اور حکومت کے مخالفین کے خلاف ہونے والی کارروائیاں نئے اصلاحی اقدامات پر کئی سوالات بھی کھڑے کرتے ہیں۔