ریاض (جیوڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک ہزار یتیم عراقی بچوں کی کفالت کا حکم دے دیا ہے۔
عراق میں سعودی عرب کے سفیر ثامر السبہان نے شاہ سلمان کے ایک شاہی فرمان کا انکشاف کیا ہے جس کے تحت عراقی کردستان میں 1000 سے زیادہ پناہ گزین یتیم عراقی بچوں کی کفالت کا حکم جاری کیا گیا ہے، یہ بچے داعش تنظیم کی کارروائیوں کے نتیجے میں اپنے اہلخانہ کو کھو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی سفیر نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر کیے گئے ٹویٹ میں واضح کیا کہ عراق صاحب کردار شخصیات، عزت اور عرب وقار کی سرزمین ہے، سونا جتنا بھی مٹی سے چھپا دیا جائے وہ سونا ہی رہتا ہے، ہمارا راستہ ایک ہے۔
یاد رہے کہ ثامر السبہان نے گزشتہ ہفتے بھی ایک شاہی فرمان کا انکشاف کیا تھا جس کے تحت عراقی صوبے الانبار میں متاثرہ عراقی شہریوں کیلیے فوری امداد پیش کرنے کا حکم جاری کیا گیا، داعش کے غیر انسانی سلوک کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے علاقوں کو چھوڑ کر نکل چکی ہے، کردستان میں ان افراد کی تعداد کا اندازہ تقریباً 17 لاکھ لگایا گیا ہے، ان میں اکثر لوگ بغداد کے نواحی علاقوں میں ہیں۔