سعودی قیادت خاشقجی کے قتل سے لا علم تھی: ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

الریاض (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت استنبول میں لاپتا ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے معاملے سے لاعلم تھی۔

امریکی ریاست نیواڈا کے الکو شہر میں ایک تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خاشقجی کی گم شدگی اور اس کے قتل کے بارے میں بالکل لا علم تھے۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنے سابقہ موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ایسی کوئی ویڈیو ریکارڈنگ موجود نہیں جس سے خاشقجی کے قتل کی تصدیق ہوتی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگلے دو دن اہم ہیں اور خاشقجی کے کیس کے حوالے سے ہمیں مزید معلوما بھی مل جائیں گی۔

ادھر سعودی عرب کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کو خاشقجی کے معاملے کا کوئی علم نہیں تھا۔ ان پر خاشقجی کے قتل کے احکامات صادر کرنے کا الزام جھوٹ ہے۔ سعودی قیادت کو کچھ معلوم نہیں تھا کہ استنبول کے قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے ساتھ کیا ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں‌ امریکی صدر نے کہا کہ خاشقجی کیس کی وجہ سے امریکا سعودی عرب پر پابندیاں نہیں لگائے گا۔ ایسا کرنے کی نتیجے میں سعودی عرب سے زیادہ امریکا کا نقصان ہوگا۔