سعودی حکام کا حاجیوں کی تعداد محدود کرنے پر غور

Saudi

Saudi

مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) سعودی وزارت حج مکہ مکرمہ میں جاری توسیعی اور تعمیراتی کاموں کے پیش نظرعارضی طور پر حاجیوں کی تعداد محدود کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

دوسری طرف سعودی محکمہ شہری دفاع نے عمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں آنے والے دیگر عبادت گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئی ایسا کام نہ کریں جس کے نتیجے میں کسی بھی جگہ بالخصوص کعبہ کے پاس لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہو جائے۔

طواف کے بعد دو رکعت نفل مسجد الحرام میں کسی بھی جگہ ادا کئے جا سکتے ہیں،اس کے لئے کعبہ کے قریب یا مقام ابراہیم کے پاس کھڑا ہونا ضروری نہیں، رمضان میں ایک مرتبہ عمرہ کر لینے والے بار بار عمرہ کرنے سے گریز کریں تا کہ دوسرے لوگ بھی آرام اور سہولت سے یہ سعادت حاصل کر سکیں، زائرین سے یہ بھی کہا گیا ہے۔

کہ مسجد کے اندر جگہ کی دستیابی کے بارے میں معلومات دینے کے بارے میں دروازوں پر نصب لائٹوں کی پابندی کریں، صرف سبز روشنی کی صورت میں اندر آئیں،سرخ روشنی کا مطلب یہ ہے کہ مسجد کے اندر جگہ نہیں اس لئے باہر ہی قیام کریں۔

علاوہ ازیں انتظامیہ نے مسجد الحرام اور اس کے قرب و جوار میں چار ہزار لاؤڈ اسپیکر نصب کر دئیے ہیں تا کہ بہترین ساؤنڈ کوالٹی میں اذان اور نماز کی آواز دور دور تک پہنچائی جا سکے ، اس مقصد کے لئے کئی سڑکوں پر خصوصی کھمبے نصب کئے گئے ہیں اور اب حرم شریف کی اذان کی آواز 9 کلو میٹر دور تک سنی جا سکتی ہے۔