جدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کے ایک عمر رسیدہ شخص نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر ایک ارب ریال کی خطیر رقم اسلامی ترقیاتی بینک کو عطیہ کردی۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے چیرمین ڈاکٹر احمد محمد کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ایک صاحب استطاعت عمر رسیدہ شہری کی جانب سے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کےلئے ایک ارب ریال کی خطیر رقم عطیہ کی گئی ہے، اس رقم سے شرائط کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک مسلم اور غیر مسلم ممالک کے پسماندہ علاقوں میں موجود مسلمانوں کے لئے 75 موبائل ڈسپنسریاں قائم کرے گا۔
ڈاکٹر احمد محمد کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک اس رقم سے پاکستان، بھارت اور یمن میں 15، افغانستان اور بنگلادیش میں 10، تاجکستان اور قرغزستان میں 5، 5 موبائل اسپتال 5 سال کے عرصے میں قائم کرے گا جب کہ 5 سال بعد دوسرے پسماندہ ممالک کے دیہاتوں میں اسپتال قائم کیے جائیں گے۔