لاہور (جیوڈیسک) ساون رت میں آسمان سے گرتی بوندوں کی جلترنگ جاری ہے۔ لاہور کی فضا میں برسات کے رنگ چھائے رہے۔ گھنیرے بادل آنے سے ٹھنڈی ہواچلی اور پھر رم جھم نے پھول چہرے کھلا دیئے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، اور ملتان میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، کراچی، حیدر آباد اور میر پور خاص میں بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوگی۔ کوئٹہ، قلات، سبی، نصیر آباد اور مکران میں بھی بادل برسیں گے۔ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش خضدار میں چالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت پسنی میں 44 ڈگری رہا۔