سپریم کورٹ نے حج کوٹہ پالیسی کیس کا فیصلہ سنا دیا

SC

SC

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے حج کوٹہ پالیسی مسترد کرتے ہوئے ٹور آپریٹرز کا پچاس فیصد کوٹہ بحال کر دیا ہے ، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کہتے ہیں اداروں کی ساکھ اتنی خراب ہو چکی ہے کہ اچھے کام پر بھی انگلیاں اٹھتی ہیں ۔ حج کوٹہ پالیسی کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ۔

ٹور آپریٹرز کے وکیل عابد زبیری نے کہا کہ پالیسی حکومت نے ہی بنانا تھی تو کمیٹی کیوں قائم کی گئی ، حکومتی پالیسی عدالتی احکامات کے برعکس ہے ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ اداروں پر عدم اعتماد کا ہے ، اداروں کی ساکھ اتنی خراب ہو چکی ہے کہ اچھے کام پر بھی انگلیاں اٹھتی ہیں ، کارکردگی اچھی تھی تو پچاس پچاس فیصد کا کوٹہ برقرار کیوں نہیں رکھا ۔ کیا ٹور آپریٹرز کیلئے متعین کیا گیا کوٹہ ہمیشہ کیلئے تھا ۔

کوٹے میں تبدیلی سے پہلے دوسرے فریق سے مشاورت کرنا لینا بہتر تھا ، آخری وقت میں کوٹہ تبدیل کرنے سے کیا ٹور آپریٹرز کے حقوق متاثر نہیں ہوتے ، عدالت نے دلائل سننے کے بعد مقدمے کا مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے حج کوٹہ پالیسی مسترد کر دی ، عدالت نے ٹور آپریٹرز کا پچاس فیصد کوٹہ بحال کر دیا ہے ۔