اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم عبدالنعیم کی درخواست ضمانت خارج کر دی ہے ۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انسانی سمگلنگ کے ملزم عبدالنعیم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا ملزم نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے ، ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران ملزم سے 8 پاسپورٹ برآمد ہوئے ۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ عبدالنعیم نے کسی سے کوئی پیسے نہیں لئے ۔ بیرون ملک سے آئے پانچ دن ہوئے تھے کہ ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا ۔ لوگوں سے پیسے میرے موکل کے بھانجے طاہر محمود نے لیے ۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے استفسار کیا کہ پھر لوگوں کے پاسپورٹ آپ کے موکل کے پاس کیا کر رہے تھے ۔ ایف آئی اے کو نہ تحقیقات آتی ہیں نہ ایف آئی آر کا اندراج ، عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی ۔