کراچی (اسٹاف رپورٹر) پروفیسر سلمان احمد عثمانی نے کہا کہ قلم اور کتاب کے ذریعے دہشت گردی اور انتہا پسندی سمیت ہر بحران سے نمٹا جاسکتا ہے ،سانحہ آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نہیں ہمارے مستقبل کو ہم سے چھیننے کی کوشش کی ہے سلام آرمی پبلک اسکول پشاور سمیت ملک بھر کے زیر تعلیم بچوں کو جنہوں نے تمام تر دہشت اور خوف کے باوجود اسکولوں کا رخ کیا اور ہمت اور حوصلے کو بلند کرکے علم کے ہتھیار سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اعلان کیا۔
آج ہمارے بچے دشمن کے بچوں کو پڑھانے کا عزم لیکر اپنے اُن شہداء کی یاد میں میدان عمل میں نکل چکے ہیں اور علم کے ذریعے دہشت گردوں کو شکست دینگے انشا اللہ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین پیس پبلک ہائی اسکول اینڈ کالج ملیر کھو کھرآپار کے زیر اہتمام آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے وائس پرنسپل مسز صفیہ عثمانی نے بھی خطاب کیا تقریب میں اسکول کے بچوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے مشن کو آگے بڑھا نے کا عزم کیا۔
اس موقع پر شہداء کی یاد میں ٹیبلو اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں تقریب سے اپنے خطاب میں مسز صفیہ عثمانی نے کہاکہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید طلبہ اور اساتذہ نے اپنی جان قربان کرکے دہشت گردی کے خلاف علم کی جو شمعیں روشن کی ہیں وہ تاحیات زندہ و تابندہ رہیں گی انہوں نے کہاکہ آج کا دن یعنی 16دسمبر 2014پاکستان بلکہ پوری دنیا کہ طالب علموں کے لئے ایک سیاہ ترین دن ہے کیونکہ آج کہ دن APSکے طالب علموں پر جو قیامت ڈھائی گئی۔
انہوں نے طلباء و طالبات سے کہاکہ آیئے ہم بارگاہ رب العزت کے حضور دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ان معصوم شہداء کی مغفرت اور انہیں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں انسانیت کے دشمنوں سے لڑنے کی ہمت اور علم کے مشعل کو روشن کرنے کا حوصلہ عطاء فرمائے ۔تقریب کے اختتام پر شہداء APSپشاور کے لئے شمعیں روشن کی گئی۔