لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہےکہ اسکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے اور وزارت تعلیم کی خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں ہم نے کئی اقدامات کیے ہیں اور وزارت تعلیم کی خواہش ہےکہ تعلیمی ادارےکھلے رہیں کیونکہ تعلیمی اداروں میں تدریس اور آن لائن تعلیم میں فرق ہے، آن لائن تدریس میں وہ باتیں نہیں ہوتیں جوکلاس روم میں ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے، اس حوالے سے 24 مارچ کو دوبارہ میٹنگ ہے جس میں جائزہ لیں گے کہ تعلیمی ادارےکھولنے ہیں یانہیں۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت پریشر ڈالتاہے لیکن پھربھی تعلیمی ادارے بند نہیں کرتے، اس وقت کورونا کی وجہ سے حالات خراب ہیں اور این سی او سی کا خیال ہےکہ اسکولوں میں کورونا کا بہت خطرہ ہے، 5 کروڑ بچے تعلیم سے جڑے ہیں، پھر کوئی انفکیشن ہو گی تو پھیلے گی
انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی جہاں مسئلہ نہیں وہاں اسکول کھلےرکھیں، وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت تعلیمی اداروں کے متعلق سفارشات دیں گے تو اس پر عمل کریں گے۔
واضح رہےکہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث کورونا کی کئی پابندیاں دوبارہ نافذ کی گئی ہیں جب کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کے لیے کل اجلاس طلب کیا گیا ہے۔