کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کی جانب سے فیسوں میں سالانہ 10فیصد سے زائد اضافہ کرنے والے اسکولوں کیخلاف کاروائی کے اعلان کو نجی اسکولوں کو ہر سال فیس میں 10فیصد اضافے کی اجازت قرار دیتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ حکومتی فیصلے سے عوام الناس کیلئے اپنے بچوں کو نجی اسکولوں سے تعلیم دلانا ممکن نہیں رہے گا۔
جبکہ سرکاری اسکولوں کا معیار تعلیم اس قابل نہیں ہے عوام وہاں اپنے بچوں کو تعلیم کیلئے بھیجے جس کے بعد عوام کے پاس اپنے بچوں کو مدرسوں سے تعلیم دلانے کے سوا کوئی چارہ نہیں جبکہ مدرسوں کو مسلکی تفاوت ‘ نفرت ‘ بنیاد پرستی اور دہشتگردی کو فروغ دینے کا الزام عوام کو اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے پریشان کررہا ہے۔
جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اقتدار پر قابض طبقاتی تضاد کو فروغ دینے والے استحصالی حکمران عوام الناس کو بتدریج حقوق ‘ ترقی کے مواقعوں اور دور جدید کے تقاضوں سے محروم کرکے ان کے مستقبل کو مخدوش بنارہے ہیں تاکہ مستقبل میں بھی وہ عوام اپنی حکمرانی برقرار رکھ سکیں اور انہیں اپنی مرضی سے بھیڑ بکریوں کے ریوڑ کی طرح ہانکنے کے ساتھ انہیں ہمیشہ اپنا محکوم و غلام رکھ سکیں۔