اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار کی سربراہی میں قومی ایکشن پلان کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مدارس کی تنظیموں، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ مدارس اصلاحات اور دہشت گردوں سے روابط رکھنے والے مدارس کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی۔
اجلاس میں دہشت گردی میں ملوث مدارس کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے رحمان ملک نے مدارس اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی پی دور میں مدارس اصلاحات اور رجسٹریشن کے حوالے سے کافی کام کیا جا چکا ہے۔
نصاب کے حوالے سے بھی مدارس کے ساتھ اتفاق رائے کے قریب پہنچ گئے تھے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مدارس نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ مدارس اصلاحات کے بعد وزیر داخلہ چودھری نثار کی سربراہی میں میڈیا پالیسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔