سائنسی اور پیشہ وارانہ مضامین میں جدید علوم کی شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں، محمد زبیر صفدر

اسلام آباد : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ سائنسی اور پیشہ وارانہ مضامین میں جدید علوم کی شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ چھیاسٹھ برس گزرنے کے بعد بھی ہمارا تعلیمی نظام جدیدت کی طرف نہیں جا سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور اسلام آباد میں تربیتی پرواگرامز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد میں پرائیوئٹ یونیورسٹیز کے طلبہ کی ورکشاپ سے خطاب کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو تحقیق کی بجائے ڈائون لوڈنگ اور کاپی پیسٹ کی عادت ڈال دی گئی ہے۔

جس کی وجہ سے تعلیم کا معیار بلندی کی جانب جانے کی بجائے پستیوں کی جانب گامزن ہے۔سہل پسندی طالب علم کی عادت بن چکی ہے۔ تحقیقی صلاحیتوں میں فقدان کے باعث دنیا کی ذہین ترین قوم ہونے کے باوجود بھی ہم دوسری اقوام سے پیچھے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں بھاری فیسیں دینے کے باوجود بھی کلاسز زمانہ قدیم کی مثالیں بنی ہوئی ہیں۔

حکومت اوریونیورسٹیز کی انتظامیہ آنکھیں بند کر کے سب ٹھیک ہے کہ راگ الاپ رہے ہیں۔ سرکاری جامعات میں ہاسٹلز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ طلبہ کی تعداد میں تو اضافہ ہو رہاہے لیکن سہولیات میں اضافے کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی۔ طالب علم کو تعلیم کے میدان میں ہر قسم کی سہولیات ملنا اس کا حق ہے اور اس حق سے اسے محروم نہ کیا جائے۔