یونان (اصل میڈیا ڈیسک) یونانی کوسٹ گارڈز کے مطابق ہفتے کے روز کم از کم 12 ٹرک ڈرائیور ایک اطالوی جھنڈا بردار فیری سے لاپتہ ہو گئے جبکہ بحیرہ ایونی میں یونانی جزیرے کورفو کے قریب سمندر میں یہ فیری آتشزدگی کا شکار ہو گئی۔
گشتی کشتیاں اس تعطیلاتی جزیرے پر آگ لگنے کے حادثے میں بچ جانے والوں کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ گرد و نوح کے علاقے میں گمشدہ افراد کا پتا لگانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ہفتے کی صبح ریسکیو کے کاموں میں مدد کے لیے ایک ہیلی کاپٹر، ایک جنگی جہاز، ایک آگ بجھانے والا جہاز اور چھ ٹگ بوٹس یا کھینچنے والی کشتیاں امدادی کام انجام دے رہی تھیں۔
یونانی ٹیلی وژن کے مطابق تیز سمندری ہوا ہفتے کی دوپہر تک آگ کے شعلوں کو مزید بھڑکانے کا سبب بنی رہی۔ اس کے سبب دھویں کا گہرا سیاہ بادل آسمان پر نظر آ رہا تھا اور آگ کی شدت کی وجہ سے جہاز پر درجہ حرارت 500 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چُکا تھا۔
گزشتہ روز یعنی جمعے کو یونان سے اٹلی کی جانب رواں اولمپیا میں آتشزدگی کے بعد 28 مسافروں کو یونان کے شمال مغربی جزیرے کورفو منتقل کیا گیا۔
جہاز رانی کے وزیر گیانس پلاکیوٹاکس نے دریں اثناء ایک بیان میں کہا کہ ‘میری ٹائم ایکسیڈنٹ انسیڈنٹ انوسٹیگیشن سروس‘ یا سمندری حادثات کی تحقیقات کی سروس کی ایک ٹیم وقوعہ پر موجود ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔
ای آر ٹی ٹیلی وژن چینل کے مطابق جہاز کے کپتان اور دو انجینیئرز کو ہفتے کے روز پراسیکیوٹر کے سامنے لایا گیا تھا۔ دریں اثناء جہاز رانی کے وزیر گیانس پلاکیوٹاکس نے اسکائی ٹیلی وژن کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آگ بجھانے کے بعد اس فیری سے ایندھن اور آلودہ پانی کو نکالنے کا کام کیا جانا تھا تاکہ سمندرکو آلودگی سے بچاپا جا سکے۔
کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ لاپتہ ہونے والے تمام افراد ٹرک ڈرائیورز ہیں۔ ان میں سے سات کا تعلق بلغاریہ، تین کا یونان، ایک کا ترکی اور ایک کا تعلق لتھوینیا سے ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی کشتی بنانے والی کمپنی کے مطابق فیری میں 239 مسافر سوار تھے۔ جن میں سے 51 اس کے عملے کے اراکین تھے ان کے علاوہ 153 ٹرک ڈرائیورز اور 32 مسافر گاڑیاں اس فیری پر سوار تھیں۔
اس بارے میں کہ فیری پر کتنے دیگر مسافر سوار تھے جو ابھی تک لاپتہ ہوسکتے ہیں، کوسٹ گارڈ نےکہا کہ بچائے گئے مسافروں میں سے دو سرکاری طور پر فہرست میں شامل نہیں تھے۔ کوسٹ گارڈ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دو مسافر افغان باشندے تھے۔
اُدھر بلغاریہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ مسافروں کی فہرست میں اُس کے 127 باشندے شامل تھے جن میں سے 37 ٹرک ڈرائیور تھے۔ ترک نیشنل ٹیلی وژن کے مطابق مسافروں میں دیگر 24 ترک باشندے تھے جبکہ ERT ٹیلی وژن چینل نے 21 یونانی مسافروں کےفیری میں سوار ہونے کی اطلاع دی ہے۔
جن لوگوں کو بچایا جا سکا ان میں سے 9 ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کا عمل تنفس ٹھیک نہیں انہیں سانس لینے میں بہت مشکل کا سامنا ہے۔