سمندری طوفان ” نیلوفر” کی شدت میں کمی کے بعد خطرہ ٹل گیا

Nilofar

Nilofar

کراچی (جیوڈیسک) چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں تیز ہواؤں کے باعث بننے والے سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد وہ پاکستان کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا۔

توصیف عالم کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان آج شام یا رات کو ساحلی علاقوں کے قریب سے گزر جائے گا تاہم طوفان کراچی سے جنوب مغرب میں 650 کلو میٹر دوری پر ہے اور پاکستان اور بھارت کی سمندری حدود کا رخ کر رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری طوفان نیلوفر کے پیش نظر کراچی میں آج اور کل 20 سے 30 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی انتظامیہ نے ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی جس کے باوجود موسم میں خنکی کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پہنچ گئی۔

جبکہ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی جنوبی، شرقی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپار کر میں کل کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔