نئی دہلی (جیوڈیسک) خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ہدہد آج دوپہر بھارتی ریاستوں آندھرا پردیش اور اڑیسہ سے ٹکرائے گا۔ 212 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار تک طوفانی ہوائیں چلیں گی۔
ساڑھے 5 فٹ تک لہریں بلند ہوں گی۔ بھارت کی جنوب مشرقی ریاستوں کے ساحلی علاقوں سے بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ریاست آندھر پردیش سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
جبکہ ریاست اڑیسہ سے مزید تین لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پرجانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے ساتھ 195 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چلیں گی۔
جبکہ گلوبل ڈیزاسٹر الرٹ اینڈ کوآرڈینیشن سسٹم کے مطابق طوفانی ہوائیں 212 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا اندیشہ ہے جو “ہد ہد” کو کیٹیگری 4 کا طوفان بنا دیں گی،جس سے انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بھارتی بحریہ تیار ہے اور حکومتی امدادی ٹیمیں بھی اپنی تیاریاں مکمل کر چکی ہیں۔