کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کلفٹن کی ساحلی پٹی کو پولیس نے سیل کر دیا، ڈوبنے والے افراد کے رشتے داروں پر بھی لاٹھیاں برسا دی گئیں، مشتعل افراد نے سی ویو روڈ پر مظاہرہ کیا اور کچھ دیر ٹریفک روکے رکھا۔
پولیس نے سمندر کی بپھری لہروں سے دور ہٹایا تو لوگ برہم ہوگئے، سی ویو روڈ پر احتجاج شروع کر دیا جبکہ مظاہرے میں ڈوبنے والوں کے رشتے دار بھی شریک ہو گئے، غصے سے بھرے افراد نے مزاحمت کی، پولیس والوں نے ڈنڈے برسا دیئے۔ متاثرین نے انتظامیہ کے ناروا رویے پر احتجاج شروع کر دیا۔
پولیس نے سی ویو کی ساحلی پٹی کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے، اہلکار گھوڑوں پر گشت کر رہے ہیں، سمندر کی طرف کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔