کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے ساحل سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ’ہینگ ٹونگ 77‘ کو 48 روز بعد کراچی بندرگاہ پر پہنچا دیا گیا۔
20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب ہینگ ٹونگ کے کیپٹن عمر کی مدد کی دہائیاں پورٹ کنٹرول ٹاور نے سنی ان سنی کر دی تھیں لیکن آج صبح جہاز کو ٹرمینل پر لگا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت بحری امور نے جہاز سے متعلق تحقیقات اب تک مکمل نہیں کی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سی ویو میں سمندر کے کنارے ریت میں دھنسے بحری جہاز کو ڈیڑھ ماہ کی کوششوں کے بعد بالآخر کامیاب آپریشن کے ذریعے گہرے پانی میں پہنچادیا گیا تھا۔
کراچی کے ساحل پر کنٹینروں سے لدا کارگو بحری جہاز 20 اور 21 جولائی کو ریت میں آپھنسا تھا، گڈانی شپ بریکنگ کی ایان شپ بریکنگ کمپنی کے عملے نے جہاز کے ریسکیو میں مرکزی کردار ادا کیا۔