اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کے این ٹی این سیل میں کئی کئی سال سے تعینات پرال کے کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرکے ایف بی آر کے ملازمین کو تعینات کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر نے پرال کے این ٹی این سیل میں ایف بی آر ملازمین کی تعیناتیوں کے لیے ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) سے نام مانگ لیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریونیوآٹومیشن لمیٹڈ کے نیشنل ٹیکس نمبر سیل میں 200 کے لگ بھگ ملازمین کئی کئی سال سے کنٹریکٹ پر کام کررہے ہیں جن میں سے اکثریت اوور ایج ہوگئی ہے اور اب کسی بھی سرکاری ملازمت کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اب ان ملازمین کو فارغ کرکے ان کی جگہ ایف بی آر کے ملازمین تعینات کیے جارہے ہیں جس کے لیے ایف بی آر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ونگ نے تمام آر ٹی اوز سے این ٹی این سیل میں تعیناتی کے لیے ملازمین کے ناموں کی فہرستیں مانگ لی ہے جس سے پرال کے این ٹی این سیل میں تعینات ملازمین میں بے چینی پھیل گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ٹی اوز سے ملازمین کے ناموں کی فہرستیں موصول ہونے کے بعد اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اقدام کا بنیادی مقصد این ٹی این سیل کو موثر و فعال بنانا ہے تاکہ ٹیکس نیٹ کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جا سکے اور ٹیکس وصولیوں میں اضافے کو یقینی بنایا جاسکے۔