کراچی (جیوڈیسک) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ڈاکٹر عشرت العباد انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کو باقاعدہ طور پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے حوالے کر دیا اس سلسلے میں ایک سادہ تقریب ڈاکٹر عشرت العباد انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز میں منعقد ہوئی جس میں اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ سندھ ڈاکٹر خالد شیخ اور ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے برکت راجپوت نے شرکت کی۔
اس موقع پربرکت راجپوت نے انسٹی ٹیوٹ کی چابی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع کے حوالے کر دی۔ پروفیسر طارق رفیع نے کہاکہ ڈینٹل کالج اب باقاعدہ طور پر ان کے حوالے ہو گیا ہے جس کے بعد انہوں نے رواں سال سے ہی کلاسز شروع کرنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینٹل کالج کی فیکلٹی کے لیے اشتہارات جاری کر دیے گئے ہیں۔ 100 نشستوں کے لیے این ٹی ایس ٹیسٹ کی بنیاد پر داخلے دیے جائیں گے۔