سی ویو سانحہ: ڈوبنے والوں میں کورنگی کے ماموں بھانجا بھی شامل

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) شہر کراچی کے ساحل پر ڈوبنے والوں میں ماموں بھانجا بھی شامل ہے۔ دونوں کی لاشیں تاحال نہیں مل سکیں۔ کورنگی سے پورا خاندان پکنک منانے آیا تھا لیکن المیے کا شکار ہوگیا۔ اب جناح اسپتال میں پیاروں کی لاشوں کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

لاپتا صابر کی بہن نعیمہ رو رو کر بے حال ہے۔ انیس برس کا صابر اپنے بھانجے کے ساتھ سی ویو پر عید کی خوشیاں مناتے ہوئے بے رحم موجوں کی نذر ہوگیا۔

گارمنٹ فیکٹری کا ملازم صابر پوری فیملی کے ساتھ تفریح کے لیے آیا۔ اور پھر تفریح المیہ بن گئی۔ صابر اور سولہ سالہ بھانجا حمزہ اب تک لاپتا ہیں۔ رشتے دار جناح اسپتال میں اپنے پیاروں کے منتظر ہیں کہ کاش کوئی معجزہ ہو جائے۔ دکھ ہے کہ بیان سے باہر ہے۔

قیامت گزرگئی تو رشتے دار سی ویو پر نہانے کی پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے نظر آئے۔

گھر کے واحد کفیل صابر کے رشتے دار رو رو کر بے حال ہوئے جا رہے ہیں۔ یہ فکر بھی کھائے جا رہی ہے کہ اب گھر کیسے چلے گا۔