دبئی (جیوڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
سری لنکا کے اینجلو میتھیوز مین آف دی میچ قرار پائے، کمار سنگا کارا نے 58 رنز اسکور کئے جبکہ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کچھ خراب اوورز کی وجہ سے میچ میں شکست ہوئی۔
دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس سے قبل دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان انجیلو متھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستانی بیٹسمینوں نے اچھا آغاز نہ کیا اور صرف 8 پر پہلی وکٹ گر گئی، جس کے بعد احمد شہزاد 124اور محمد حفیظ 32 نے 76 کی اچھی شراکت قائم کی۔
بعدازاں یہ سلسلہ کپتان مصباح الحق 59 ناٹ آوٹ اور شاہد آفریدی 30 ناٹ آوٹ نے جاری رکھا اور آخری اوورز میں تیزی سے رنز بنا کر پاکستان کی پوزیشن مستحکم بنائی۔
پاکستان نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ سری لنکا کی جانب سے کولا سیکرا، لسیتھ مالنگا اور سیکیوج پرسنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔